
سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کو فی الفور اسمبلیاں تحلیل کرکے عام انتخابات کرانے کےلئے 6 روز کا الٹی میٹم دے دیا ۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 گھنٹوں میں کنٹینر پر پشاور سے یہاں پہنچا ہوں، راستے میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو 6 روز دے رہا ہوں، اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور جون میں الیکشن کا اعلان کیا جائے ورنہ پوری قوم کو ساتھ لیکر دوبارہ اسلام آباد آؤں گا۔
ان کا کہنا تھا آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح آزادی کی تحریک کے شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
عمران خان نے کہا کہ کیا جمہوریت میں اس طرح کے طریقے اپنائے جاتے ہیں، ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا، 3 لوگوں کو کراچی میں شہید کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خوف دلایا جاتا ہے کہ بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش کے تحت امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔



