
شہر قائد میں شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے باعث نوجوان فاسٹ بالر موت کا شکار ہوگیا ۔ گزشتہ روز کراچی میں شدید ہیٹ ویوز نے دو قیمتی جانیں لے لیں ۔
اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے انو بھائی پارک میں کرکٹ میچ کے دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔


فاسٹ بالر عمرخان بالنگ کراتے ہوئے آخری بال پر پچ پر گر گئے ۔ عمر خان کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ راستے میں ہی انہوں نے دم توڑ دیا ۔ جبکہ اسپتال منتقل کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ۔
اس سے دو روز قبل کراچی کے علاقے لیاری میں بھی شدید گرمی کے باعث فٹبال کھیلتے ہوئے نوجوان کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا ۔ جس کے بعد فٹبال میچ کو فوری طور پر منسوخ کرنا پڑا ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید گرمی کی پیشنگوئی کردی ۔ جبکہ شہر قائد میں بارشوں کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔



