
لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماءمریم نواز شریف کی درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے ممبر جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی, درخواست کسی دوسرے بنچ کے روبرو لگانے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دی ۔
مریم نواز کی عمرہ کی اجازت اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر عدالت نے گزشتہ روز نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا جبکہ ای سی ایل کے حوالے سے رولز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کی سماعت آج تک ملتوی کی تھی ۔
نیب نے مریم نواز کی درخواست پر جواب جمع کرا تے ہوئے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست کی مخالفت کر دی، نیب کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست مسترد کی جائے۔



