پاکستان

احسن اقبال کے بیان پر کیوبن سفیر ناراض

پاکستان میں کیوبا کے سفیر جیویئر کیرو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے اپنے ملک سے متعلق ایک بیان کو تضحیک آمیز قرار دیا ہے۔

اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے تھے۔

پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق احسن اقبال نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو کیوبا یا شمالی کوریا نہیں بننے دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ہمیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جیسے ملیشیا، ترکی، چین اور جنوبی کوریا۔‘

احسن اقبال نے ڈان اخبار میں چھپنے والا اپنا بیان ایک ٹویٹ کے ذریعے شیئر بھی کیا۔ اس ٹویٹ کا حوال؛ہ دیتےہوئے کیوبا کے پاکستان میں سفیر جیویئر کیرو نے لکھا ’خوش قسمتی سے احسن اقبال کی لاہور میں پریس کانفرنس میں کیوبا کا تضحیک آمیز ذکر پاکستانیوں کی کیوبا کے لیے اصل احترام اور گہری انسیت کی نمائندگی نہیں کرتا۔‘

کیوبا کے سفیر کے شکوے کے بعد احسن اقبال نے ایک ٹویٹ میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کیوبا کے لوگوں اور کیوبا سے اپنے دوستانہ تعلقات کا احترام کرتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان میں 2005 کے زلزلے کے بعد کیوبن ڈاکٹروں کا شاندار کردار بھلا نہیں سکتے۔‘

اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیان خارجہ پالیسی کے تناظر میں تھا۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button