
پاک افغان بارڈر پر سرحد پار دہشت گردوں کے حملے میں 3 سیکیورٹی اہل کار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں نے پاکستانی علاقے شمالی وزیرستان میں قائم پاکستانی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔
عسکری ترجمان کے مطابق دہشت گرد افغانستان سے سرحد عبور کر کے پاکستانی علاقے دیواگر میں گھسے۔ اس دوران پاک افواج نے دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والوں میں 30 سالہ حولدار تیمور (جہلم)، 38 سالہ نائیک شعیب ( اٹک ) اور 24 سالہ سپاہی ثاقب نواز ( سیالکوٹ ) شامل ہیں۔
اپنے بیان میں عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔ توقع ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسے حملوں کی اجازت نہیں دے گی۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک افواج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



