
سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہےکہ اسٹیبلشمنٹ تین تجاویز لےکر ان کے پاس آئی جس پر انہوں نے الیکشن والی تجویز سے اتفاق کیا۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آزاد باڈی کے ذریعے ہونی چاہیے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے مضبوظ فوج بہت ضروری ہے اسلئے کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ روس جانے سے پہلے آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ کو فون کیا، جنرل باجوہ نے کہا ہمیں روس جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ میچ کھیلتے ہیں تو ایمپائر ساتھ ملا کر کھیلتے ہیں، شہبازشریف ابھی سے انجینئرنگ کررہا ہے، یہ اپنے افسران لگا کرمیچ فکس کریں گے، قوم سے اپیل ہے انہیں تسلیم نہ کیا جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے 108 کروڑ روپے بچائے، توشہ خانے سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے، ایک غیرملکی صدر نے گھر آکر تحفہ دیا وہ بھی جمع کروادیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری کے بڑے کیسز ہیں سب ضمانتوں پر ہیں، یہ کوشش میں ہیں کہ نواز شریف کے کیس ختم ہوں۔



