
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج پشاور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پشاور جلسے سے سابق وزیر اعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
جلسے میں پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر رہنماؤں کیلئے اسٹیج بھی تیار کیا گیا ہے۔ رنگ روڈ پر بے نظیر گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کیلئے پارٹی عہدے دارے بھی پہنچ گئے ہیں۔
جلسہ گاہ کے پنڈال کو چاروں طرف سے پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ جلسہ گراؤنڈ میں کنٹینر اور کرسیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز کارکنوں کے نام جاری پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام کارکنوں کو دعوت دی کہ وہ جلسے میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ سابق وزيراعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کو سازش کے تحت مسلط کيا گيا۔
پشاور جلسے سے قوم کو پيغام دوں گا کہ اپنی آزادی اور جمہوريت کی حفاظت خود کرنی ہے۔ ہم ملک ميں فوری انتخابات کيلئے تحريک چلائيں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پی ٹی آئی کا پہلا جلسہ ہوگا۔



