ایم کیو ایم لندن کے دو سینئیر عہدیداروں کو نظر بند کرنے کا حکم


خوف میں مبتلا سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے دو عہدیداروں کو غیر قانونی سیاسی سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
سیکریٹری داخلہ سندھ کے مطابق خالد یونس اور مومن خان سے نقص امن کا خطرہ ہے، دونوں عہدیدار 90 دن گھروں میں نظر بند رہیں گے، دونوں افراد غیر قانونی سیاسی سرگرمیاں کر رہے تھے۔
ایم کیو ایم لندن کی جانب سے خالد یونس کو سینئر ڈپٹی کنوینر اور مومن خان کوڈپٹی کنوینر مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم لندن کے سینیئر رہنما قاسم علی رضا نے پیر کو بتایا تھا کہ پاکستان میں مقیم دو رہنماؤں کو پارٹی کی مرکزی رابطہ کمیٹی کا رکن نامزد کر دیا ہے اور ایم کیو ایم بتدریج ملک میں تنظیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرے گی۔
قاسم علی رضا کا کہنا تھا کہ ہم نے رابطہ کمیٹی کے سینیئر رکن کنور خالد یونس کو پارٹی کا سینیئر ڈپٹی کنوینر اور مومن خان مومن کو ڈپٹی کنوینر مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین پر پابندی اور جماعت کے دو حصوں میں تقسیم ہونے کے باوجود کراچی کے عوام کا زیادہ تر جھکاؤ الطاف حسین کی جانب ہی ہے۔
عوام کا ماننا ہے کہ اگر الطاف حسین پر سے پابندی ختم کردی جائے تو علیحدہ ہونے والے تمام دھڑے بشمول مہاجر قومی موومنٹ دوبارہ ان کے زیر سایہ جا سکتے ہیں۔



