

پاکستان تحریک انصاف نے سابق نگراں وزیراعظم کیلئے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین اور سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے نام پر غور شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کی قیادت کے ساتھ ابتدائی مشاورت شروع ہو چکی ہے۔
تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعت ق لیگ سے بھی نگران وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر مشاورت کرے گی۔
خیال رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں نگران حکومت کی تشکیل کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا تھا۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں عمران خان اور شہباز شریف سے نگران وزیراعظم کے لیے نام مانگے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم فرائض سر انجام دیتے رہیں گے ، آرٹیکل 224 اے ون کے تحت نگران وزیراعظم نامزد کیا جائے گا۔
صدر مملکت ، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کریں گے، اسمبلی تحلیل ہونے کے 3 روز میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر متفق نہ ہوئے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔
اسپیکر اپوزیشن اور حکومتی اراکین پر مشتمل 8 رکن کمیٹی تشکیل دیں گے جو نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرے گی۔
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کو نگران وزیر اعظم کی تقرری تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ آئین کے آرٹیکل 224 اے کی شق 4 کے تحت وزیراعظم عمران خان کو ہدایت جاری کی گئیں۔



