پاکستان
عثمان بزدار آج پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے دستبردار ہوجائینگے

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے آج وزارت اعلیٰ چھوڑے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سردار عثمان بزدار آج ایوان وزیراعلیٰ میں آخری تقریب میں شرکت کریں گے، ایوان وزیراعلیٰ میں وقار النساء یونیورسٹی راولپنڈی کے سنگ بنیاد کی تقریب ہو گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو لاہور مدعو کر لیا ہے، وزیراعلیٰ وقار النسا یونیورسٹی کا نوٹیفیکشن شیخ رشید کے حوالے کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بزدار کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب یہ آخری تقریب ہو گی۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو پیش کیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کیے جانے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی متحرک ہو گئے ہیں۔



