

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی جاری ہے۔
حال ہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دیے جانے والے پی ٹی آئی سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس سے پہلے بھی انہیں متعدد بار قتل کی دھمکیاں موصول ہوتی رہی ہیں تاہم اس بار منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر عمل ہورہا ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو متعدد بار کہا کہ وہ جلسے میں بلٹ پروف شیشہ لگوائیں اور انہیں جب قتل کے منصوبے کے حوالے سے بتایا تو انہوں نے جواب دیا جس دن میری موت لکھی ہوگی، چلا جاؤں گا۔
ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی وسینیٹر نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کو قتل کرنے کی بات دھمکی آمیز خط سے ہی جڑی ہوئی ہے اور یہ صرف ایک مراسلہ نہیں تاہم عمران خان دلیر آدمی ہیں وہ کسی صورت ملک کا سودا نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی کے سامنے جھکیں گے۔



