
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پیر کو تحریک عدم اعتماد کے پس منظر میں صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی عثمان بزدار سے استعفی لیا اور اس کے ساتھ ہی صوبائی اسمبلی کے سپیکر اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الٰہی کو پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا۔
اس سے پہلے پیر کو ہی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی متحدہ اپوزیشن کی طرف سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔
عثمان بزدار کو سنہ 2018 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیرِ اعلٰی پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کیے جانے کے فیصلے نے سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔
انھوں نے سنہ 2018 کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 286 ڈیرہ غازی خان سے پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیا اور کامیاب ہو کر پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے۔
یاد رہے کہ عثمان بزدار نے پہلی مرتبہ سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاہم وہ کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔
اس سے قبل سردار عثمان خان بزدار بلدیات کی سطح پر تحصیل ناظم رہ چکے ہیں۔



