

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نےاپنا استعفی وزیراعظم عمران خان کو پیش کردیا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے ہیں، ق لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفا وزیر اعظم کو پیش کردیا ہے، وزیراعظم نے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بھی عثمان بزدار کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا، ‘معاملات طے! یہ بازی کپتان ہی جیتے گا، ایک گیند سے 3 وکٹیں، اس کا کریڈٹ قوم کو جاتا ہے، اللہ تعالی پاکستان کو کامیاب و کامران کرے، عدم اعتماد کی سازش ناکام ، عثمان بزدار نے کہا کہ ان کے لیے اپنی وزارت اعلیٰ اہم نہیں، وزیراعظم عمران خان اہم ہیں، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے پرویز الہٰی نامزد۔’



