اہم خبریںپاکستان

سندھ ہاوس میں موجود پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سامنے آ گئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما راجا ریاض سمیت کئی ارکان اسلام آباد کے  سندھ ہاؤس میں موجود ہیں، نجی ٹی وی سے  گفتگو کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے، پارلیمنٹ لاجز پر حملے کی وجہ سے یہاں آئے۔ راجا ریاض نے کہا کہ عمران خان گارٹنی دیں ارکان جو چاہیں فیصلہ کریں۔  سندھ ہاوس میں پی ٹی آئی ارکان  میں  جہانگیر ترین گروپ کے اہم ارکان بھی موجود ہیں ۔  راجہ ریاض کے علاوہ  باسط سلطان  اور  نورعالم خان  بھی سندھ ہاوس میں موجود ہیں۔ اس ضمن میں نور عالم خان کا کہنا تھا کہ  ہم لائے نہیں گئے خود آئے ہیں، انہوں نے کہاکہ  میں نے لوڈشیڈنگ یا کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی تو کہاگیا کیا آپ پیپلزپارٹی میں ہو، میرے حلقے میں گیس نہیں آتی لیکن  کوئی بات سننے والا نہیں۔ سندھ ہاوس میں موجود ملتان سے  پی ٹی آئی کے ایک اور رکن احمد حسین ڈیہڑ بھی موجود ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ  ہم اپنی مرضی سے یہاں  آئے ہیں،  حکومت کا پیسے لینے  کا الزام  سرا سر جھوٹ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ  میں نے چند ماہ قبل ملتان میں ریسکیو 1122کو 40کڑوڑ کی زمین عطیہ کی ہے ،  ہم پیسے لے کر بکنے والے نہیں ۔  باسط سلطان بخاری نے کہاکہ  حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف حکومت سے کوئی وزارت نہیں مانگی، ایک منصوبہ تھا جو اپنی سربراہی میں مکمل کرنے کا کہا، حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں کچھ نہیں کیا۔ نواب شیر وسیر کا اگلا الیکشن تحریک انصاف کے ٹکٹ پر نہ لڑنے کا اعلان، نواب شیر وسیر نے حکومت کے خرید و فروخت کے الزام کو مسترد کردیا، نواب شیر وسیر نے کہاکہ  فواد چودھری کو جھپی ڈال کر پارلیمنٹ کے اندر جائیں گے۔ ادھر  کراچی سے  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نیوٹرل ہوں کسی کی طرف نہیں ،  ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں یا نہیں اچھا فیصلہ جلد سامنے آئے گا۔  دوسری جانب سندھ ہاوس میں ان کے ارکان قومی اسمبلی کی موجودگی پر پی ٹی آئی میں ہل چل مچ گئی ہے، عمران خان کے قریبی سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ  الیکشن کمیشن ارکان کی سندھ ہاوس میں موجودگی کا نوٹس لے، الیکشن کمیشن ہارس ٹریڈنگ کا فوری نوٹس لے، اگر ان لوگوں کو پیپلزپارٹی میں شامل ہونا ہے تو مستعفی ہوں ۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button