
لاہور: شہر کی مرکزی شاہراؤں پر چوہدری پرویز الہیٰ ضروری ہے کے پوسٹر لگ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد ملکی سیاست میں روز نئی پیش رفت سامنے آرہی ہے، حکومتی اتحادی جماعتیں اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کررہی ہیں، حکومت کے ناراض رہنماؤں پر مشتمل جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی تحریک انصاف کے ناراض دھڑوں کو اپنی حمایت میں لانے کے لئے کوشاں ہیں، دوسری جانب پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے سب سے مضبوط امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ کے وزیراعلیٰ بننے کے حوالے سے پینا فلیکس بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔


سوشل میڈیا پر اس وقت چوہدری پرویز الہیٰ کے نام کے پینا فلیکس گردش کررہے ہیں، جن پر واضح طور پر تحریر ہے کہ پنجاب کی مجبوری ہے، ’چوہدری پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ ضروری ہے‘۔ سب سے پہلے یہ پینا فلیکس مسلم لیگ ق کے مرکزی دفتر کے باہر لگے دیکھے گئے، جس کے بعد لاہور کی اہم شاہراؤں پر بھی یہی بینرز اور پینا فلیکس نظر آئے۔



