بلاول کو طعنہ دینے والے وزیراعظم عمران خان نے بھی “اردو کا تیاپانچہ” کردیا


وزیر اعظم عمران خان نے دوران تقریر بلاول کی زبان پھسلنے پر انہیں اور ان کے والد آصف علی زرداری کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ لیکن اسی دھواں دار خطاب کے دوران انہوں نے خود قوم کو اردو کی ایک نئی اصطلاح سے متعارف کرادیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم نے دھواں دار خطاب میں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا ” جو میری بندوق کی نشست پر بڑی دیر سے آیا ہوا ہے وہ ہے آصف علی زرداری۔”
وزیر اعظم اپنے اس جملے میں “بندوق کا نشانہ” کہنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے اردو زبان میں ایک نئی اصطلاح “ایجاد” کرتے ہوئے بندوق کے نشانے کو “بندوق کی نشست “کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خطاب کے دوران زبان پھسل گئی تھی اور انہوں نے کہا تھا ” اسلام آباد کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں” (اسلام آباد کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں)۔ ان کی زبان پھسلنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر “کانپیں ٹانگ رہی ہیں” ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھی بلاول کی زبان کی اس پھسلن کو بخشا نہیں اور ان کے والد آصف علی زرداری سے کہہ دیا کہ اپنے بیٹے کو اردو سکھائیں لیکن اب وہ خود بھی بلاول کی صف میں کھڑے ہوگئے ہیں۔



