
وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے مخالفین کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحريک انصاف کے لوگ بکاؤ مال نہيں۔ زر اور زرداری کے بہکاوے ميں نہيں آئيں گے۔
میرپورخاص میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ميں کوئی ترين گروپ نہيں، صرف عمران خان گروپ ہے۔ اپوزیشن کو چیلنج دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میدان میں آئے دير کس بات کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کل ایک واقعے پر افسوس ہوا، کنڈیاری میں پی پی نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی، تصادم کرانے کی کوشش کی گئی، بے نظیر کے ساتھ میں نے کام کیا ہے ان کی ایسی سوچ نہیں تھی، اگر شازیہ مری کی ہدایت پر ہوا ہے تو مناسب نہیں، بلاول آج ملتان جارہے ہیں، ہماری طرف سے ایس اکچھ نہیں ہوگا، تحریک انصاف کے کارکنان پرامن اور تہذیب والے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول نے اگر مناظرے کا چیلنج قبول کیا ہے تو آجائیں، عمران خان ان کے لیے اکیلا ہی کافی ہے، ان کے ہر سوال کا بروقت مہذبانہ جواب دے سکتے ہیں، بلاول مجھ سے رابطہ کریں ہم مناظرے کا انتظام کرلیتے ہیں۔



