
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں سیکورٹی کے لیے سخت قدم اٹھانا ہونگے جبکہ رینجرز کو بھی اختیارات دینا ہونگے۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سماء کے سینئرپروڈیوسر اطہرمتین کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صحافی کی شہادت بہت دکھ اورافسوس کی بات ہے،کراچی دوبارہ آنکھ اور خون میں کھیل رہا ہے،کراچی کے حالات پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی کے حالات سے متعلق رینجرز سے بھی بات کی جائے گی تاکہ کوئی بڑا قدم اٹھایا جاسکے۔انسانی جانوں کا اس طرح جانا کسی سانحے سے کم نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ صوبوں کے حالات پر پولیس کی گرفت نہیں رہی، سخت انتظامیہ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ 18 فروری کی صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی کے نزدیک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سماء کے سینئرپروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے۔
انھوں نے مصروف شاہراہ پر ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے کی کوشش کی اور ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی۔ گاڑی کی ٹکر سے ملزمان موٹرسائیکل سے نیچے گرگئے اور موٹرسائیکل خراب ہوگئی۔ ملزمان نے اٹھ کر گاڑی پر فائر کیا اور گولی اطہر متین کو لگی اور وہ جاں بحق ہوگئے۔



