
بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز بیان دینے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے ہدایت جاری کی ہےکہ تمام پیپلز پارٹی ارکان کل والے واقعہ کی مذمت کریں، کراچی کے شہر کے حالات خراب ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
بلاول بھٹو کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جلد بہادر آباد مرکز کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے کہاکہ ایسا ماحول فراہم کرنے سے ایم کیو ایم کے دھڑے ایک ہوسکتے ہیں، پیپلز پارٹی 27 فروری کے لانگ مارچ سے قبل اس طرح کے حالات کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے حکم کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نےامین الحق سے رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی جب کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر مظاہرین کی جانب سے دھرنا بھی دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔
اس دوران مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی۔
ریلی میں شریک کارکنان نے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی تھی۔
پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن صوبائی اسمبلی صداقت حسین زخمی ہوگئے تھے اور سر پر ڈنڈا لگنے سے ان کا سر بھی پھٹ گیا تھا۔



