پی آئی اےکی جعلی ڈگری کے حامل اورگھوسٹ ملازمین کے خلاف کاروائی

پاکستان ایئرلائنز (پی آئی اے) سے گھوسٹ اور جعلی ڈگری والے درجنوں ملازمین فارغ کردیئے گئے۔
پی آئی اے میں فی طیارہ ملازمین کی تعداد بین الاقوامی تناسب کے برابر آگئی ہے۔
پی آئی اے سے ایک ہزار گھوسٹ ملازمین، جعلی ڈگری والے 837 اور کرپشن سمیت نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر 1100 ملازمین فارغ کردیئے گئے۔
سال 2017 میں پی آئی اے کی فی طیارہ ملازمین کی تعداد 550 تھی جو کم ہوکر اب 260 پر آگئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ سال 2022 میں مزید طیاروں کی پی آئی اے کے بیڑے میں آمد سے ملازمین کی فی طیارہ شرح 220 پر آجائے گی۔
ملازمین کی تعداد میں کمی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، جعلی ڈگری اور کرپشن سمیت نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کی برطرفی سے ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ 1900 ملازمین نے رضاکارانہ علحیدگی اسکیم سے استفادہ حاصل کیا، ایک ہزار کے قریب فرضی ملازمین موجودہ انتظامیہ نے برطرف کئے جبکہ 837 ملازمین جعلی ڈگریوں کی وجہ سے برطرف ہوئے۔
اس کےعلاوہ پی آئی اے میں 1100 ملازمین کے خلاف نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں اور کرپشن کی وجہ کارروائی کی گئی۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملازمین کی تعداد کم کرنے سے پی آئی اے کو سالانہ 8 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی۔



