پاکستان

اسلام آباداورپنجاب کےبلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہونگے،شبلی فراز

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فرازنے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پرہونگے اورحکومت الیکشن کمیشن کا ہاتھ بٹانے کیلئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے بتایا کہ پچھلے کئی ماہ سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم ) پر بات ہورہی ہے اور اب ای وی ایم مشین بنا کر اس پر قانون سازی بھی کرلی ہے۔ ای وی ایم کی بحث اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک یہ بات کہی جارہی تھی کہ اس مشین کو ٹیسٹ نہیں کیا جاسکا تاہم اب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔

اس سلسلے میں ابتدائی ٹریننگ اور ٹیسٹنگ کیلئے اگلے ہفتے کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کودے دیں گے اور ای وی ایم کے ذریعے صاف اور شفاف انتخابات ہونگے۔

پچھلے ماہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان انتخابات کےنتائج تاخیر سے آئے اورکچھ جگہوں پر ضائع ہونےوالے ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے کم تھی۔

شبلی فراز نے کہا کہ اب ہم ای وی ایم پرعملدرآمد کیلئے جارہے ہیں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات ثابت کردیں گے کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین  کے حوالے سے تنقید برائے تنقید کرنا ختم کرنا چاہیے۔ ٹھپا برائے ٹھپے کا دور چلا گیا ہے اور اب موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ اپوزیشن ماضی کے انتخابات میں ٹھپہ مافیا کا کردار ادا کرتے تھے تاہم حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس مہینے کے آخر میں انٹرنیٹ ووٹنگ کا طریقہ کار فائنل کرلیں گے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button