اہم خبریںبزنسپاکستانحالات حاضرہسیاست

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صوبائی بجٹ 27-2026 پیش کر دیا، جہاں مزدور کی کم از کم اجرت میں اضافہ کردیا گیا۔

سندھ اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مسلسل گیارہ بجٹ پیش کرنا میرے لیے اعزاز اور بڑی ذمہ داری ہے۔ کسی اور منتخب عوامی نمائندے کو مسلسل اتنی بار بجٹ پیش کرنے کا موقع نہیں ملا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مرحوم والدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، مرحوم والدین کی دی ہوئی اقدار آج بھی میری رہنمائی کرتی ہیں۔ سندھ کے عوام کی خدمت کے سفر میں اہلِ خانہ کی قربانیوں اور تعاون کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت اور سماجی انصاف کی بنیادوں کو مضبوط کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جرات اور قربانیاں آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی رہنمائی اور مستقل حمایت پر ان کا شکر گزار ہوں۔ چیئرمین بلاول کا عوام دوست ترقی اور سماجی انصاف کا وژن ہماری ترجیحات کا محور ہے۔ ہاریوں، محنت کشوں، خواتین اور نوجوانوں کی فلاح حکومت سندھ کے ترقیاتی ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو ان کی قربانیوں اور خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک افواج وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی ضامن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اصولی سفارت کاری کی مضبوط آواز بن کر ابھرا ہے، ایران بحران کے دوران پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کیا۔ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ خطے میں امن اور مکالمے کا داعی ملک ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے باہمت اور ثابت قدم عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ نے آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت قومی استحکام کیلئے 260 ارب روپے کے انتظامات پر اتفاق کیا۔ 260 ارب کی قومی معاونت کے باوجود سندھ نے آئینی حقوق اور ترقیاتی ترجیحات کا تحفظ یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نے قومی مفاد میں کردار ادا کیا، این ایف سی ایوارڈ کے تحت اپنے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا، سندھ کی عوام نے ہمیشہ ذمہ دار وفاقی اکائی ہونے کا ثبوت دیا۔ سندھ حکومت نے قومی ذمہ داری اور عوامی ترقی دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کی مثال قائم کی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ نے مالی سال 26-2026ء میں 900 ارب روپے سے زائد کی رکارڈ ترقیاتی سرمایہ کاری کی۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکیں، اسپتال، اسکول اور پانی کے منصوبے مکمل کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 952 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کر کے عملی ترقی کی نئی مثال قائم کی۔ 337 سڑکوں، 179 بلدیاتی، 175 پانی و نکاسی آب، درجنوں سماجی منصوبے مکمل کیے گئے۔ 900 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کے ثمرات سندھ کے ہر ضلع تک پہنچ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ اور واک آؤٹ

وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران اپویشن کی جانب سے بجٹ نامنظور کے نعرے لگائے گئے اور شور شرابہ کیا گیا۔

بعد ازاں اپوزیشن اراکین نے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button