
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے، اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کے روک تھام اور امن امان سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر مبارکباد دی اور کہا کہ سندھ پولیس نے چیلنجنگ حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی کے لیے قابلِ ستائش کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام، منشیات کی روک تھام میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ملاقات کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، سندھ حکومت جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی۔
ملاقات کے موقع پر دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل کئے جائیں گے۔



