
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر برائے بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے شاہراہ بھٹو کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے پر جاری ترقیاتی کام اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی
میڈیا سے گفتگو سے کرتےہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جا رہی ہے اور 23 مئی کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو سفری سہولت حاصل ہوگی، سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگا اور ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی۔ ان کے مطابق کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک برج منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ بھی اسی موقع پر کی جائے گی، جس سے گھنٹوں پر مشتمل سفر چند منٹوں میں تبدیل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے تمام وعدے پورے کر رہی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے مخالفین محض پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مؤثر ماڈل سندھ نے متعارف کرایا ہے، جسے نہ صرف ملک میں سراہا جا رہا ہے بلکہ وزیرِاعظم بھی اس ماڈل سے سیکھنے کی بات کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی شاہراہِ بھٹو منصوبے کو ایوارڈ دیا گیا ہے، جبکہ کراچی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے میدان میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کسی نئی آئینی ترمیم کے حوالے سے تاحال سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اور عوام کو افواہوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست عملاً ختم ہو چکی ہے اور عوام اب انہیں مثبت نظر سے نہیں دیکھتے، جبکہ ماضی میں اس جماعت کی سیاست کو نفرت اور تقسیم کی سیاست کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو ایک سینئر سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا آپس میں رابطہ اور بات چیت ان کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم انتخابات میں پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والے اتحاد کو ہمیشہ شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر برائے بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق سندھ میں دن رات ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور جدید بنایا جا رہا ہے، اور شاہراہِ بھٹو کراچی کے عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے شہریوں کو تیز اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی، اور سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔



