اہم خبریںپاکستانخواتین

سندھ کی یونیورسٹیز میں ہراسمنٹ کیسز میں ملوث کسی اہلکار کو معافی نہیں دی جائیگی، اسماعیل راہو

ٹنڈو محمد خان: صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ کی تمام یونیورسٹیوں میں طالبات کے ہراسمنٹ کیسز میں ملوث کسی بھی اہلکار کو معافی نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ٹنڈو محمد خان کے گاؤں محمد علی زئنور میں بہاولپور کے واقعے میں شہید ہونے والے حافظ طاہر عباس زئنور کے بڑے بھائی محمد خان زئنور اور چچا علی احمد زئنور سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بھارت کی جارحیت کے خلاف معرکہ حق میں جس عظیم جدوجہد اور مقابلے کا مظاہرہ کیا، اس میں جوانوں کی شہادت کے ساتھ ساتھ مدرسے کے دینی طالب علم حافظ طاہر عباس کی شہادت بھی قومی ہیروز میں شامل ہے۔ اس معرکے میں فتح نے پوری دنیا میں پاک فوج کا نام روشن کیا اور دنیا کو یہ ثابت کر کے دکھا دیا کہ پاک فوج میں بہادری کی صلاحیتیں موجود ہیں۔

سندھ کی یونیورسٹیوں میں طالبات کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی اعلیٰ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے کر جانچ کی گئی ہے، تاکہ یونیورسٹیوں کے اندر طالبات کے ساتھ ہراسمنٹ کا کوئی واقعہ دوبارہ پیش نہ آ سکے، جس سے ہماری بیٹیاں خودکشی پر مجبور ہو جائیں — یہ پوری قوم کے لیے انتہائی شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی ابتدائی دور میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے دیے گئے نظریے کے تحت پارٹی کا منشور متعارف کرایا، جس میں طالبات کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے اور ان کی تعلیمی قابلیت کو بلند کرنے کا عزم شامل ہے۔ اب تعلیمی اداروں کے اندر ایسی کوئی حرکت ہوئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو بھی افراد اس میں ملوث پائے جائیں گے، انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ جو واقعات پیش آئے ہیں، ان کے ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں 60 سال کے دوران سندھ میں صرف 10 یونیورسٹیاں قائم تھیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی 17 سالہ کارکردگی میں 20 یونیورسٹیاں قائم کی گئی ہیں اور انہیں ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے ترقی دی گئی ہے۔ سندھ حکومت صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نہ صرف کراچی میں ترقیاتی کام کروا رہے ہیں بلکہ کراچی سے لے کر کشمور کندھ کوٹ تک پورے سندھ میں سڑکوں، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور بنیادی سہولیات کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے ٹنڈو محمد خان میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ایم پی اے سید اعجاز حسین شاہ بخاری ہاؤس کی طرف سے دی گئی دعوت میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پی پی یوتھ لیڈر سید سلال شاہ بخاری، میونسپل چیئرمین سید شاہنواز شاہ، سید شعبان شاہ، ڈپٹی کمشنر دھرموں بھوانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button