
کراچی: سندھ حکومت نے کراچی اور سکھر کے بعد اب حیدرآباد میں بھی پنک اسکوٹیز جلد تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور روٹس پر بھی جلد پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، جبکہ حیدرآباد میں کوہسار حیدر چوک اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر بھی اس سروس کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو سستی، بہترین اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ سندھ حکومت ایسے منصوبے متعارف کرا رہی ہے جو براہ راست عام آدمی، خصوصاً خواتین، نوجوانوں اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچائیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار اور خوداعتماد بنانا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے تحت مختلف منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر اور شکارپور کے بعد پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔



