
کراچی: سندھ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے سلسلے میں سندھ گورنمنٹ آفیسرز کلب کراچی میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی، جہاں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر سرپرستی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، نجی شعبے کے نمائندگان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومت سندھ نے لیڈ حاصل کی ہے اور اس کے منصوبے دنیا کے متعدد ممالک پر اثر انداز ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنک بس سروس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر خواتین ہیں، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، جبکہ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز شروع کی گئیں اور پنک ای وی اسکوٹیز بھی پہلی بار متعارف کروائی گئیں۔ ان منصوبوں کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں آگے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پنک اسکوٹیز اسکیم شروع کی گئی تو صرف 160 خواتین کے پاس لائسنس تھا، مگر اب 20 ہزار خواتین لائسنس کے لئے درخواست دے چکی ہیں، جبکہ حکومت سندھ خواتین کو مفت اسکوٹی ٹریننگ بھی فراہم کر رہی ہے اور انہیں آگے آنے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کیونکہ اسی طرح سماج میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنک ای وی ٹیکسی سروس کا مقصد خواتین میں تحفظ کے احساس کو فروغ دینا اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج خواتین فائر فائٹنگ طیاروں کی پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے میں اہم کردار ادا کرنے پر سندھ بینک اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنگ کے اثرات دیرپا ہوتے ہیں، اس لیے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اور یہ منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جب بھی گاڑیوں کی خریداری کی بات آتی ہے تو حکومت سندھ کی ترجیح ای وی گاڑیاں ہوتی ہیں، جبکہ مختلف ممالک سے ای وی گاڑیاں پاکستان آ رہی ہیں اور عوام بھی انہیں ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ای وی گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کی خواہش ہے اور صنعتکاروں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت کے بہت سے لوگ دعویدار تھے، تاہم بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کا اہم کردار ہے اور بھارتی وزیر خارجہ غیر اخلاقی زبان استعمال کر رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے پاس دلائل ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا قومی یکجہتی، وفاقی حکومت اور پاک افواج کی کاوشوں کو جاتا ہے۔
مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تمام حکومتیں اس مسئلے پر غور کر رہی ہیں اور مشترکہ حکمت عملیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، جبکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں، ملک سے متعلق معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خطوط لکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جن سے ملک کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی بات قابل قبول نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام منصوبے شفاف ہیں اور مختلف کمپنیاں ای وی ٹیکسی منصوبے میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر نے کہا کہ اس پروگرام کا حصہ بننا خوشی کا باعث ہے اور محکمہ سرمایہ کاری کے ذیلی ادارے ایس ای ڈی ایف کی شمولیت باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہتری ہم سب اور عوام کا خواب تھا، جبکہ سندھ بینک نے سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ایس ای ڈی ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی محنت سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بھی ایس ای ڈی ایف جیسا پروگرام شروع کیا ہے اور وفاق بھی اسی طرز پر سوچ رہا ہے، جبکہ گزشتہ دس برسوں سے اس پلیٹ فارم کے ذریعے عوامی فلاح کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سندھ بینک کے صدر انوار شیخ نے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی حالات میں ای وی گاڑیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایس ایم ٹی اے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سندھ بینک کے ڈپٹی سی ای او سندھ بینک اسد شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس منصوبے کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے،



