اہم خبریںپاکستان

کراچی کی ترقی کے لیے دن رات کام جاری ہے، 30 اپریل کو شاہراہ بھٹو کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائےگا، شرجیل میمن

کراچی: محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے زیرِ اہتمام ای وی بس کے نئے روٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے، اور یہ تمام اقدامات آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور سندھ حکومت کی ٹیم کے مشترکہ وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے، وہاں ترقی واضح نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور ہماری افواج بہادری سے دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں، جبکہ کسی کو یہ جرات نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے ملک کو دفاعی طور پر مضبوط بنایا۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں میگا پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے اور میئر کراچی کے ساتھ مل کر شہر کی ترقی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صحت کی بہترین اور مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو ملک کے دیگر حصوں میں دستیاب نہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلی بار پاکستان میں ای وی بس سروس اور خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کروائی، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پنک اسکوٹیز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلشنِ معمار کے عوام کو اس نئی ای وی بس سروس سے نمایاں فائدہ ہوگا، جبکہ اس خطے کی تاریخ میں پہلی بار پنک بسوں کا آغاز کیا گیا ہے اور خواتین کو مفت پنک بائیکس بھی دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی بسوں کا حصول آسان نہیں تھا، انہیں پورٹ پر روک دیا گیا تھا اور دیگر کے مقابلے میں سندھ حکومت کو 18 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑا جبکہ دوسروں کو صرف ایک فیصد ٹیکس پر سہولت دی گئی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوامی خدمت اسی جذبے سے کی جاتی ہے اور جو لوگ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں وہی حقیقی معنوں میں خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی اور وفاقی سڑکوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے بہتر اور معیاری سڑکیں تعمیر کی ہیں جبکہ وفاقی سڑکوں کی حالت افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 30 اپریل کو شاہراہ بھٹو کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا اور کراچی کی ترقی کے لیے دن رات کام جاری ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی وعدہ کرتی ہے تو اسے پورا بھی کرتی ہے، اور پارٹی قیادت کے ویژن کے تحت ہر کارکن اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کے مطابق پیپلز پارٹی عملی طور پر کام کرتی نظر آئے گی۔

ایم این اے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے گلشنِ معمار کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج عوام سے کیا گیا وعدہ پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل اس علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے آج حقیقت کا روپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں 20 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال بھی تعمیر کیا گیا ہے، جس کا افتتاح عید کے بعد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button