
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ، انفراسٹرکچر کی بہتریاور دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، شہریوں کو جدید اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، کراچی کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر مکیمل ہو چکی ہے یا جبکہ کچھ علاقوں میں اب بھی جاری ہے، مختلف شاہراہوں کی تعمیر و بحالی، فلائی اوورز اور انڈر پاسز کی تعمیر اور ڈرینیج سسٹم کی بہتری کے منصوبے جاری ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صنعتی زونز کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جا رہا ہے، حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔



