انٹر نیشنلاہم خبریںپاکستان
قازقستان کے 25 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کا وزارت تعلیم کا دورہ، 8 ایم او یوز پر دستخط

اسلام آباد: جمہوریہ قازقستان کے 25 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے پیر کو وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا دورہ کیا اور 8 مختلف ایم او یوز پر دستخط کئے۔ وفد کی قیادت جمہوریہ قازقستان کے وزیر برائے سائنس و اعلیٰ تعلیم سایاسات نوربیک کر رہے تھے۔ وفد میں وزارتِ سائنس و اعلیٰ تعلیم کے سینئر حکام، قازقستان کی نمایاں جامعات کی قیادت، اور تعلیمی و تحقیقی اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے اعلیٰ سطحی وفد کا خیرمقدم کیا اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیم کے میدان میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ تھا۔وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ایک دوطرفہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت تعلیم ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ا ی سی)، وزارتِ خارجہ ، پاکستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ تعاون کے فریم ورک کا جائزہ لیا گیا اور اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، طبی تعلیم، تحقیق، جدت (انوویشن) اور تعلیمی تبادلوں میں نئے اشتراک کے مواقع تلاش کئے گئے۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیم کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دورے کے اہم نتائج میں پاکستانی اور قازق اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان 8 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط شامل ہیں۔ ان معاہدوں میں شامل پاکستانی جامعات میں قائداعظم یونیورسٹی ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی)، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز شامل ہیں۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تعلیمی پروگرامز، اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ ان ایم او یوز پر عملدرآمد میں وزارت تعلیم سہولت فراہم کرے گی جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) مؤثر نفاذ اور پائیدار نتائج کے لئے رابطہ کاری کرے گا۔مزید برآں پاکستان-قازقستان تعلیمی مراکز/کارنرز کا افتتاح بھی ایک پروقار تقریب کے دوران کیا گیا جس کی میزبانی نسٹ، آئی آئی یو آئی اور قائداعظم یونیورسٹی نے کی۔ قائداعظم یونیورسٹی میں الفارابی سینٹر، نسٹ میں ستبایف سینٹر اور آئی آئی یو آئی میں اخمت یسوی سینٹر کا افتتاح وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم و قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب، متعلقہ جامعات کے ریکٹرز اور وائس چانسلرز بھی موجود تھے۔ یہ مراکز معلومات کے تبادلے، تعلیمی رہنمائی، اور پاکستانی و قازق اداروں کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مخصوص پلیٹ فارمز کے طور پر کام کریں گے۔پاکستان اور قازقستان نے اپنی دوطرفہ شراکت داری میں تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کو ایک بنیادی ستون کے طور پر آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جو علاقائی سطح پر علم کے تبادلے، باہمی افہام و تفہیم اور طویل المدتی تعاون میں معاون ثابت ہوگا۔



