اہم خبریںپاکستان

50سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب ڈاکو نے 3ساتھیوں سمیت خود کو قانون کے حوالے کردیا

سکھر پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے کی باگھڑجی کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ آپریشن کے دباؤ کے نتیجے میں پچاس سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب، انعامی یافتہ اور انتہائی خطرناک ڈاکو رجب عرف رجوں جتوئی نے اپنے تین ساتھیوں سمیت پولیس کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔

وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اس کامیاب کارروائی پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب، ایس ایس پی سکھر اظہر خان، سکھر پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس کا واضح پیغام ہے کہ جرائم پیشہ افراد اگر جرم کی دنیا چھوڑ کر خود کو قانون کے حوالے کریں تو انہیں قانونی دائرے میں رہتے ہوئے رعایت دی جائے گی۔ سندھ حکومت اور پولیس کے اس واضح پیغام کے بعد اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تین انعامی یافتہ خطرناک ڈاکوؤں نے جرائم کی دنیا سے توبہ کرتے ہوئے پولیس کے سامنے سرینڈر کیا۔سرینڈر کرنے والوں میں بدنام ڈاکو رجب عرف رجوں ولد وزیر جتوئی، نورنگ ولد غنی جتوئی اور بھوروں جتوئی شامل ہیں، جو باگھڑجی کچے کے رہائشی ہیں۔ رجب عرف رجوں جتوئی کے سر پر سندھ حکومت کی جانب سے بیس لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔

ایس ایس پی سکھر کے مطابق گرفتاری دینے والے ملزمان نے بیان دیا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ کے پیغام، پولیس کے مؤثر گھیراؤ اور دباؤ کے باعث انہوں نے جرم کی راہ چھوڑ کر عزت کی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملزمان نے پولیس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف درج تمام مقدمات کا سامنا وہ عدالت میں کریں گے۔ ترجمان وزیر داخلہ و قانون سندھ کے مطابق سرینڈر کرنے والے ملزمان نے دیگر مفرور جرائم پیشہ عناصر کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ بھی عزت کی زندگی کے لیے قانون کے سامنے سرنڈر کر کے اپنے مقدمات کا عدالتی طور پر سامنا کریں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button