ارفع کریم فاؤنڈیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم کی ارفع کریم کے والدین کو ملاقات میں یقین دہانی

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے نام پر ان کے والدین کی جانب سے فاؤنڈیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی اور حکومت پاکستان کو خطے میں آئی ٹی کا مرکز بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے والدین ثمینہ امجد، امجد کریم رندھاوا اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام نے ملاقات کی اور اس موقع پر وزیراعظم نے ارفع کریم کی کم عمری میں ہی آئی ٹی کے میدان میں خدمات اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ارفع کریم کی آئی ٹی شعبے میں لازوال خدمات کے اعتراف میں لاہور میں واقع آئی ٹی ٹاور کو مرحومہ کے نام سے منسوب کیا گیا جو اب ارفع کریم ٹاور کے نام سے جانا جاتا ہے۔پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی شعبے کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کا مرکز بنانے کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم و تربیت اور آئی شعبے میں انٹر پرونیورشپ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور رواں برس بھی وفاقی حکومت کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے جارہے ہیں۔آئی ٹی کی ترقی کے لیے قائم کی گئی ارفع کریم فاؤنڈیشن کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے جس کی حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔



