
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیؤیٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے محکمۂ سرمایہ کاری کے دفتر فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر کراچی میں صوبائی محکموں کی ڈیجیٹائزیشن ( S-BOSS) کی دوسری لہر (IInd wave) کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ جس کے تحت اب سندھ کے مزید چار محکموں جن میں محکمۂ توانائی ، محکمۂ زراعت ، سائٹ لمیٹڈ اور سیسی شامل ہیں اب مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہوگئے ہیں ۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ آج کا دن سندھ میں ای گورننس کی جانب اہم قدم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمۂ سرمایہ کاری کا زیلی شعبہ کلک (CLICK) صوبائی اداروں کی ڈیجیٹائز یشن کی جانب تیزی سے پیشرفت کررہا ہے ۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ اب چار مزید صوبائی محکموں اور اداروں کی ڈیجیٹائزیشن سے مطلوبہ دستاویز کے حصول میں سہولت ہوگی اور گھر بیٹھے مطلوبہ دستاویزات ، لائسنس ، پرمٹس ، سرٹیفیکیٹس حاصل کئے جاسکیں گے۔
اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ راجہ خرم شہزاد عمر، ورلڈ بینک کے سینئر اربن اسپیشلسٹ Davison Muchadenyika ، کلک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بہزاد میمن ، ڈائریکٹر کلک آصف کریم ، سیکریٹری سائٹ لمیٹڈ یونس ڈاہری، محکمۂ زراعت اور سیسی کے افسران بھی موجود تھے۔
سید قاسم نوید قمر کا کہنا تھا کہ ای گورننس کی دوسری لہر میں سندھ کے محکمۂ توانائی ،محکمۂ زراعت ، سائٹ لمیٹڈ ،اور سیسی کو ایس باس کے زریعے باہم لنک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے وژن کی روشنی میں ڈیجیٹائزیشن کی جانب پیشرفت تیزی سے جاری ہے۔



