
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے پاکستان کے معروف میڈیا اینکرز کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما محترمہ فریال تالپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، پارٹی کے سینئر رہنما نیر بخاری اور قمر الزماں کائرہ بھی شریک تھے۔
ضیافت میں ملک کے ممتاز صحافیوں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال، جمہوری عمل کی مضبوطی، میڈیا کی آزادی، اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ضیافت کے شرکاء نے میڈیا کے کردار، ذمہ دارانہ صحافت، اور عوامی مسائل کے مؤثر اجاگر پر بھی اپنی آراء کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزاد، ذمہ دار اور مستحکم میڈیا ملک کی جمہوری بقاء کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ شفاف معلومات اور عوامی آگاہی کے لیے حکومت سندھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی اظہار رائے اور میڈیا کے حقوق کا احترام کیا ہے، میڈیا معاشرتی اصلاح اور جمہوریت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔



