اہم خبریںپاکستان

آغا سراج درانی کی بطور اسپیکر سندھ اسمبلی خدمات بہترین رہیں، شرجیل میمن

سکھر: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی ایک ہنس مکھ انسان اور اچھے پارلیامینٹرین تھے اور سندھ اسمبلی کے بیلنس اسپیکر رہے، اسپیکر کے طور پر ان کی خدمات بہترین رہی ہیں۔ یہ ان کے لواحقین کے لیے انتہائی دکھ کی گھڑی ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔

بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ نوابشاہ میں پی ایم ایل این کے اعلیٰ سطح کے وفد نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی اور ملاقات کے بعد دونوں جانب سے بیان بازی کا ماحول ٹھنڈا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں امن و امان اسی وقت بحال ہوگا جب سندھ اپنے اور پنجاب اپنا کچّہ علاقہ ایک ساتھ آپریشن کے ذریعے کنٹرول کریں گے، کیونکہ ایک ساتھ آپریشن ہونے کی صورت میں جرائم پیشہ عناصر کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ باہمی کوششوں کی ضرورت ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پنجاب حکومت بھی ایک ساتھ آپریشن کرے۔ سندھ حکومت نے ایک اقدام اٹھایا ہے کہ جو ڈاکو رضاکارانہ طور پر سرنڈر کرے گا اسے ایک الگ طریقے سے ڈیل کیا جائے گا؛ بھلائی یہی ہے کہ ڈاکو خود رضاکارانہ طور پر سرنڈر کریں تاکہ کسی پولیس مقابلے کا شکار نہ ہوں۔ سب کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی کوشش ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں کوئی بھی غیر قانونی افغان شہری مقیم ہے تو حکومت اس کے خلاف سخت ایکشن لے رہی ہے۔ کراچی میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں اور گرفتاری کے بعد کئی افراد کو ڈی پورٹ بھی کیا گیا۔ غیر ملکی تارکین وطن کے بارے میں حکومت کی بالکل واضح پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے تمام برادر ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور ہر دور میں پاکستانی حکومتوں نے افغانستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جب آپ کسی کی پراکسی بنیں گے اور آپ کے نمائندگان دوسرے ملک میں بیٹھ کر ہمارے معصوم شہریوں پر حملے کروائیں گے تو پاک افواج کے جوابی اقدامات سب کے لیے پیغام ہیں کہ ہم پرامن لوگ ہیں مگر پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کی جائے گی؛ اگر کوئی شروع کرے گا تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا، البتہ پاکستان کبھی شروعات نہیں کرے گا، لیکن اختتام ضرور کرے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی سے سکھر تک فاسٹ ٹرین چلانے کی خواہاں ہے اور اس کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے مذاکرات کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button