
کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے پی ٹی آئی کے کراچی سے منتخب شدہ ٹائون چیئرمینز اور یوسی چیئرمینز کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ہیومن سیٹلمنٹ سید نجمی عالم بھی موجود تھے۔
سید ناصر حسین شاہ سے پی ٹی آئی کے منتخب عہدیداران نے کراچی کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی، ٹائون اور یو سی میں انفراسٹکچر، صحت، صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے بلاوجہ پریشان کیا جاتا ہے۔۔
انہوں نے مزید کہاکہ ترقیاتی کاموں کے فنڈز مہیا نہیں کئے جاتے، جس سے ترقیاتی کام تاخیر اور تعطل کا شکار ہیں۔
سیدناصرحسین شاہ نے پی ٹی آئی وفد کو یقیقن دہانی کرائی کہ تمام مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں گے۔۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تمام منتخب نمائندوں کو مکمل سپورٹ کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلا تفریق خدمت پر عمل پیرا ہے۔
وزیر بلدیات نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات کے تحت عوامی فلاحی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ کراچی شہر کو امن کا گہوارہ بنانا پاکستان پیپلزپارٹی کی کوشوں کا نتیجہ ہے۔



