فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ٹیکساس میں خیرمقدم، عشائیہ کا اہتمام

پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واشنگٹن آمد کے موقع پر ٹیکساس میں پاکستانی کمیونٹی نے ان کا خیر مقدم کیا۔
ڈیلس فورٹ ورتھ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے تنظیم ’اسٹینڈ وِد پاکستان‘ کے بینر تلے امریکا آمد پر فیلڈ مارشل سے اظہارِ یکجہتی کی ایک پُروقار تقریب اور عشائیہ کا اہتمام کیا۔ فیلڈ مارشل کو واشنگٹن آمد پر خوش آمدید اور حالیہ جنگ میں پاکستان کی عسکری کامیابیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف نہایت دلیری سے دفاع کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ قیادت میں دشمن کو بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی فیلڈ مارشل کی قومی خدمات کے اعتراف میں ان سے محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہی ہے۔ڈیلس کی کمیونٹی چاہتی ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ٹیکساس بھی آئیں، اور وہ اس خواہش کو حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت تک ضرور پہنچائیں گے۔
قونصل جرنل آفتاب چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور فیلڈ مارشل کو امریکی فوج کی 250ویں سالگرہ کی تقریب میں مدعو کیا جانا ان دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکی سوسائٹی اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ قونصل جنرل نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور اسی مقصد کےلیے ڈیلس میں قونصلیٹ کے تعاون سے ایک سرمایہ کاری کانفرنس اور سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔



