پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص، ایس 400 اور ایئر بیسز سمیت بھارت کے کئی فوجی اہداف تباہ

پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص سے دے دیا ہے، آپریشن کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی۔
آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے تحت لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب جاری ہے
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کی مزید متعدد پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن کی پانڈو سیکٹر میں چھاؤ گلی پوسٹ، لیپہ سیکٹر میں لعل جان پوسٹ تباہ کر دی گئی۔
پاک فوج نے بھارت کے قلعہ ڈھیر، گرین پلیٹو پوسٹ، جنگل ون پوسٹ بالمقابل پیر کانٹھی سیکٹر، نیو کمپلیکس بالمقابل دھودی سیکٹر کو بھی تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کی اسلام آباد پوسٹ اور سوکا جبرا پوسٹ تباہ کر دی جبکہ بھارت کا اڑی سپلائی ڈپو تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اڑی سپلائی ڈپو کی تباہی افواجِ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔



