
لاہور: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے دوران صدر مملکت آصف زرداری نے بلاول بھٹو کے ساتھ پنجاب میں قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، جس کے دوران صدر مملکت نے پیپلز پارٹی پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری خود پنجاب میں بیٹھیں گے۔
صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں دیر نہیں ہونی چاہیے، بلدیاتی الیکشن کا ہونا بہت ضروری ہے۔
صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، سندھ اور بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہو رہے، ہر فورم پر نشاندہی کرچکے ہیں کہ ہمیں پانی کے مسئلے کو سنجیدہ لینا ہوگا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی تعریف کی اور انہیں بہترین کام کرنے والا گورنر قرار دیا۔



