اہم خبریںپاکستان

وزیرِ اعلیٰ سندھ کےمعاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر نے گڈاپ میں بایو میتھین گیس منصوبے کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے گڈاپ کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے بایو میتھین گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا۔

پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سید قاسم نوید قمر نے گائے بھینسوں کے گوبر سے بایو میتھین گیس بنانے کا پلانٹ لگانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ میسرز بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کا یہ پلانٹ صاف اور ماحول دوست توانائی کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ماحول دوست بایو میتھین گیس کے اس پراجیکٹ سے ڈیری صنعت سے وابستہ بزنس مین گوبر سے کار آمد گیس حاصل کرنے کی افادیت سے آگاہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ اس اقدام سے ڈیری سیکٹر کو معاشی استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ صدرِ پاکستان محترم آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایات ہیں کہ معیشت کے استحکام اور روزگار کے مواقعوں میں اضافے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ہرممکن معاونت کررہی ہے ۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ حکومت بایو میتھین گیس کے ایسے پراجیکٹ لگانے والے ڈیری فارمرز کو بینک قرضوں پر سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ (ایس ایس ڈی ایف ) کی جانب سے کائبور سبسڈی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔

اس موقع پر بایو ویسٹ انرجی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقاص محسن نے بتایا کہ یہ پلانٹ 23 ہزار میٹر کیوب بایو میتھین گیس پیدا کرسکے گا اور 4 سے 5 میگاواٹ بجلی بھی روزانہ پیدا کرسکتا ہے

بتایا گیا کہ گوبر سے گیس کے ساتھ ساتھ حرارت اور گیس بننے کے دوران بچنے والی راکھ سے اینٹیں بناسکتے ہیں ۔ اس پلانٹ میں وزانہ 380 ٹن بایو ویسٹ استعمال ہوگا، پلانٹ میں استعمال ہونے والے پانی کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جائے گا۔

تقریب میں سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر خضر پرویز اور محکمہ سرمایہ کاری کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button