
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر کے ہمراہ چین کی 12 بڑی کمپنیوں کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر کمپنیوں کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں چینی کمپنیوں نے کارگو ، الیکٹرانک وہیکل ، فرٹیلائزر ، فارما سیوٹیکل ، فوڈ اینڈ بیوریجز ، سولر اینڈ ونڈ انرجی، لائیو اسٹاک ، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ۔
چینی وفد میں دھابیجی خصوصی اقتصادی زون میں ایک بلین ڈالر لاگت کا میڈیکل سٹی قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
چینی وفد نے مقامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر گیس کے بجائے کوئلے کے استعمال سے فرٹیلائزر بنانے کی فیکٹری کے ساتھ سولر پلیٹس، سولر انورٹرز اور سولر بیٹریز کے کارخانے لگانے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سی پیک کا ترجیحی منصوبہ ہے ۔ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کی پائیدار اور قابلِ فخر دوستی کی ایک نمایاں علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائنیز صدر ژی اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتی، کمرشل اور رہائشی ہر طرح کی سہولیات کیلئے زمین مختص ہے۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے پرکشش اور وسیع مواقع موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی زون پورٹ، روڈ اور ریلوے نیٹ ورک کے حوالے سے پرائم لوکیشن پر واقع ہے لہذا یہ زون صوبے میں صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم ترین اقتصادی زون ثابت ہوگا۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے بارے میں مکمل تعارفی وڈیو دکھائی گئی اور سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ راجہ خرم شہزاد نے دھابیجی زون کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ راجہ خرم شہزاد ، چیف ایگزیکیٹو آفیسر سندھ اکنامک زون مینجمنٹ کمپنی عبد العظیم عقیلی ، چیف ایگزیکیٹو آفیسر گلوبل وینچرز ادریس جیجی اور محکمۂ سرمایہ کاری سندھ کے سینئر افسران موجود تھے۔
اجلاس کے اختتام پر سید قاسم نوید قمر نے چینی وفد کے ارکان کو شیلڈز پیش کیں۔



