
ایبٹ آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں سوچنا ہوگا کیا 70 سالہ بابوؤں کے ہاتھ میں حکومت دے دیں؟ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے عوام مجھے ایک بار موقع دیں مایوس نہیں کروں گا۔
ایبٹ آباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی محروم طبقوں کی جماعت ہے اس جماعت کا تعلق عوام کی تین نسلوں سے ہے، آصف زرداری نے اپنے دور میں جو کام کیے وہ آپ کے سامنے ہیں، آصف زرداری نے خیبر پختون خوا کو شناخت دی، بی آئی ایس پی کے ذریعے عوام کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے آپ مجھے موقع دیں، عوام ایک بار موقع دیں مایوس نہیں کروں گا، پیپلز پارٹی کی مخالف کوئی ن لیگ یا پی ٹی آئی نہیں، اس کی مخالف مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے، ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا 70 سالہ بابوں کے ہاتھ میں ملک کی حکومت دے دیں؟ ملکی مسائل حل کرنا اور عوام کی خدمت کوئی مشکل نہیں بس نیت ٹھیک ہونی چاہیے، ایک نظریہ ایک منشور ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہمارے پاس مہنگائی اور غربت کو روکنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے تمام جماعتوں کو ہمارے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔



