
پشاور: نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہو گئی اور صوبے کی نگرانی گورنر کو منتقل ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نئے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر اور کابینہ تشکیل دیے جانے تک گورنر اختیارات کااستعمال کریں گے۔ نئے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملہ پر قانونی ماہرین کنفیوژن کاشکار ہو گئے۔
آئینی ماہرین کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 اے کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر وزیراعلیٰ اور اپوزیشن نے کرنا ہے۔ 3 روز کے اندر لیڈر آف دی ہاؤس اور لیڈر آف دی اپوزیشن نے بیٹھنا ہوگا۔ اگر نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ کمیٹی یا پھر الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔آئین میں ایک ہی نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا طریقہ کار ہے، دوسرے نگراں وزیراعلیٰ کا نہیں۔ اب دیکھنا ہے اس معاملے کو کیسے حل کیا جاتا ہے۔



