
اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ آفس آمد پر نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر کا خیر مقدم کیا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور عام انتخابات کی تیاریوں اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن شفاف، آزادانہ، منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ و شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے، پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ نگراں پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے، نگراں پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی۔
نگراں وزیرٍ اعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پُرامن، شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، پنجاب میں الیکشن کا آزادانہ انعقاد یقینی بنانے کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کریں گے۔ عام انتخابات کا منصفانہ، آزادانہ، پُرامن انعقاد قومی ذمے داری ہے، اس کے لیے احسن طریقہ اپنائیں گے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثاراحمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے اکرام اللّٰہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے بھرپور شرکت کی۔



