
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملے کے بعد تمام ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردیگئ
ریلوے پولیس نے تمام پلیٹ فارمز، ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی ریلوے کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں کی چیکنگ مزید بڑھانے کے ساتھ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے سرچ اور کلیئر کرنے کے احکامات بھی جاری کیئے گئے ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق غیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ تمام ایس پیز کی جانب سے ریلوے اسٹیشنز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب دہشت گردوں کی جانب سے کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا گیا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں سے مقابلہ کرکے ناکام بنا دیا تھا، جبکہ آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے اور 2 پولیس جوان اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے ۔



