شوکت ترین کی جانب سے اسحاق ڈار کو معاشیات کے اعداد و شمار درست کرنے کا مشورہ

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسحاق ڈار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ اپنی معاشیات کے اعداد و شمار کو درست کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شوکت ترین نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی پرچیز پاور بنیاد پر جی ڈی پی کی 24ویں پوزیشن تھی جو 2022ء میں 23 ویں نمبر پر آ گئی تھی، یہ کورونا وباء کے باوجود ایک بہتر اعشاریہ ہے۔
Mr Dar,get your economics right. Your 24th position in the world was purchasing power parity basis GDP which improved in 2022 to 23rd, an improvement despite COVID. So we improved the ranking. The 47th you quote is actually 42nd and is Nominal GDP, which was 40th when you left . https://t.co/iXo2xrG7l7
— Shaukat Tarin (@shaukat_tarin) February 4, 2023
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی رینکنگ کو بہتر کیا، اسحاق ڈار نے47ویں نمبر کا حوالہ دیا جو دراصل 42 واں ہے۔ اسحاق ڈارآپ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی اپنی پرانی عادت کو استعمال نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو غلط معلومات دینے کی وجہ سے پاکستان کو ماضی میں آئی ایم ایف نے جرمانہ کیا، کیا اسحاق ڈار نے واقعی سوچا تھا کہ اس سے بچ جائیں گے؟
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ عمران خان کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ غیر ذمے دارانہ ہے، ان کا مقصد پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال اور سیاسی ماحول خراب کرنا ہے۔
اسحاق ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ خودپرست عمران خان وزیرِ اعظم کے عہدے سے آئینی طور پر ہٹائے جانے کے بعد سے غضبناک ہو گیا ہے۔



