لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ مانگ لی

لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بتائے، انتخابات کب کرائے گا؟ گورنر کو چھوڑیں آپ الیکشن کی تاریخ دے دیں۔
لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے رہنما تحریکِ انصاف اسد عمر کی درخواست پر جسٹس جواد حسن نے سماعت کی دوران یہ گفتگو ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد حسن نے کہا کہ آئین میں درج ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں، اس سے پہلےبھی معاشی صورتِ حال خراب تھی مگر الیکشن ہوئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل کا جواب میں کہنا تھا کہ ہم الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں، کل اس حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، گورنر نے خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ گورنر کو چھوڑیں آپ الیکشن کی تاریخ دیں، آپ اتنا کام کر رہے ہیں، آپ خود الیکشن کی تاریخ دے دیں، اعلیٰ عدلیہ کے اس حوالے سے متعدد فیصلے موجود ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ الیکشن نہیں ہوں گے، 90روز پورے ہونے میں ابھی کافی وقت ہے۔
بعدازاں گورنر کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مہلت مانگی، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے یہ پاکستان کا معاملہ ہے، وکیل گورنر نے کہا کہ کم از کم سات روز کس وقت درکار ہے۔
اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ملکی گیرشیڈول جاری کردیا ہے، ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے وقت معاشی صورتحال کا خیال ذہن میں نہیں آیا، اگر انہیں جواب داخل کرنے کے لئے سات دن دے رہے ہیں تو باقی 62دن بچتے ہیں۔
اس پر عدالت نے کہا کہ یہ آئینی عدالت ہے اتنے دن اس لئے دے رہی ہیں تاکہ یہ سننے کو نہ ملے کہ جواب تیار نہیں ہوسکا موجودہ حالات میں قوم کا ہر دن اہم ہےعدالت اپنی آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج تو خوش ہو جائیں الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کے حوالے سے آپ کے ہی موقف کی حمایت کررہا ہے۔
جسٹس جواد حسن نے مزید کہا کہ معاشی مسائل اپنی جگہ آئین میں جگہ جگہ وقت پر انتخابات کا لکھا ہے اس حوالےسے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے فیصلے بھی موجود ہیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور گورنر کو تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔



