
کراچی میں ہونے والے 15 جنوری بروز اتوار کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے خلاف جماعت اسلامی نے آج بروز منگل 17 جنوری کو ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج اور مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی پارٹی بن کر سر فہرست آ چکی ہے، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اکثریت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیا جا رہا، اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
دوسری جانب سراج الحق کی جانب سے آج بروز منگل کو مرکزی پارٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ اجلاس لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ میں ہوگا۔



