اہم خبریںپاکستان

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی اداکاراوں کیخلاف کردار کشی مہم کی مذمت

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اداکاراوں کے خلاف   کردار کشی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے  وفاقی تحقیقاتی ادارے سے  کہا ہے  کہ ان عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی شروع کی جائے جو سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ سائٹس پر خواتین اسٹارز کی کردار کشی میں ملوث ہیں۔

اپنے  ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ “پورے معاشرے کو ان لوگوں کی مذمت کرنی چاہیے جو اس طرح کی بدنیتی پر مبنی مہمات کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، جن کا مقصد کردار کشی، تضحیک اور بے راہ روی پھیلانا ہے۔” وفاقی وزیر نے مزید  کہا کہ فنکار نہ صرف ملک کا اثاثہ ہوتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی وہ ملک  کی پہچان ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی سراسر محنت سے معاشرے میں ایک مقام حاصل کیا ہے اور کئی چیلنجز کا سامنا کرنے کے بعد اپنی حیثیت منوائی ہے ۔

مریم اورنگ زیب نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جب بھی عورت نے صحافت، سیاست، آرٹ یا کسی اور شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کیا تو اس کی کردار کشی شروع ہوجاتی ہے ۔ خواتین صرف اپنی جنس کی وجہ سے اس قسم کی گھٹیا  مہم کا نشانہ بنتی ہیں۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین کی جدوجہد، صلاحیتوں اور محنت کو تسلیم کرنے کے بجائے کچھ عناصر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک کی  خواتین ہمت اور عزم کی علامت بن چکی ہیں اور اس قسم کی غلیظ مہمات انہیں کامیابی سے نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ “ذہنی طور پر معذور افراد” صرف اپنی ماؤں اور بہنوں کی عزت کا خیال رکھتے ہیں، لیکن دوسروں کی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے کچھ افراد نے اختلاف رائے کی بنا پر دوسروں کے ساتھ بد سلوکی کی، خواتین پر غلیظ حملے کیے اور دوسروں کی ماؤں بہنوں کی بے عزتی اور ہراساں کرنے میں ملوث رہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود ان کی پرورش کس طرح ہوئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button