اہم خبریںپاکستان

توانائی بچت پلان پر عمل درآمد ناگزیر ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایندھن کی مد میں امپورٹ بل میں کمی کے لئے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق کابینہ نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور توانائی کی بچت کے پلان سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کو الیکٹرک بائیکس کااستعمال عام کرنےکے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں 90 کمپنیاں موٹرسائیکلیں اور آٹو رکشے بنا رہی ہیں، ملک میں سالانہ 60 لکھ موٹر سائیکلیں بنانے کی صلاحیت موجود ہے، 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیکس بنانے کے لائسنس جاری کئے جاچکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرول سےچلنےوالی موٹرسائیکلیں مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کی جائیں گی، الیکٹرک بائیکس کے فروغ سےایندھن کی مد میں خاطرخواہ بچت ہوگی۔ ماحول دوست الیکٹرک بائیکس کاربن کے اخراج میں کمی کاباعث بھی بنیں گی۔

وزیر اعظم نے الیکٹرک بائیکس پر تفصیلی پلان ای سی سی میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے توانائی بچت پلان پر بحث کی گئی۔

کابینہ کے ارکان کو توانائی بچت پلان کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ہونے والی مشاورت پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایندھن کی مد میں امپورٹ بل میں کمی کے لئے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے ونڈ پاور (ہوا سے بجلی) کی استعداد کار کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت کو 30 فیصد کم کرنے کے حوالے سے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی توانائی،منصوبہ بندی،پٹرولیم کے وزراء اور سیکرٹریز پر مشتمل ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button